منڈیا، 9؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) مقامی بلدی اداروں سے ہورہے ریاستی قانون ساز کونسل کے انتخابات میں کانگریس پارٹی نے 20 سیٹوں پر امیدوار اتارا ہے۔ ان میں سے کم سے کم 15سیٹوں میں کانگریس امیدواروں کی جیت ہوگی۔ یہ امید افزا باتیں سابق وزیراعلیٰ و اپوزیشن لیڈر سدارامیا نے کہی۔
بروز منگل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ منڈیا میں دنیش کولی گوڈا جیت درج کریں گے۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے پنچایت نظام کو دو مرتبہ تقویت پہنچانے کا کام کیا گیا ہے۔ جب راجیو گاندھی ملک کے وزیراعظم تھے، اس وقت آئین ہند کی 73 اور 74شق میں ترمیم کرتے ہوئے پسماندہ طبقات، اقلیت، درج فہرست ذات وقبائل کے افراد کو مقامی بلدی اداروں میں ریزرویشن فراہم کیاگیا۔ ریاست میں اس بار ریکارڈ بارش ہوئی ہے جس سے کئی مکانات ڈھ گئے ہیں۔ کووڈ اور لاک ڈاؤن کے دوران ملک بھر میں 50لاکھ سے زائد افراد موت کی نیند سوگئے۔ چامراج نگر میں آکسیجن کی قلت کے سبب 36 افراد دم توڑ گئے۔ اتنا سب کچھ ہونے کے باوجود متاثرہ کنبوں کو اب تک معاوضہ فراہم نہیں کیاگیا۔ اسمبلی میں متعلقہ وزیر سے سوال کرنے پر جواب ملتا ہے کہ معاوضہ رقم جاری کرنے کیلئے خزانہ میں پیسہ نہیں ہے۔
دوسری طرف کنٹراکٹر وزیراعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ریاستی حکومت پر الزام عائد کرتے ہیں کہ ریاستی حکومت 40 فیصد کمیشن حاصل کئے بغیر کوئی کام نہیں کرتی۔ اس سے ریاست سے کنٹراکٹرز کو جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا وزیراعظم اس کا احساس نہیں کرسکے ہیں یہی وجہ ہے کہ مودی نے اس پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ بی جے پی کرپشن، بدعنوانی، عوام مخالف، کسان مخالف اور اپنی بدنظمی سے کوئی ترقیاتی کام کرنے سے قاصر رہی ہے۔ اتنے برسوں میں ترقی سفر ہے ریاست میں بی جے پی کو برسراقتدار آئے ہوئے دوسال بیت گئے۔ نریندر مودی وزیر اعظم بنے 8سال گزرگئے لیکن کچھ بھی ترقی نہیں ہوئی۔ پنچایت راج نظام، اور مقامی بلدی اداروں کو مضبوط اور مستحکم کرنے میں بی جے پی اور جے ڈی ایس کا رول صفر رہا ہے۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے لائی گئی اسکیمیں بی جے پی روکتی آرہی ہے۔ انا بھاگیہ اسکیم کے تحت دیئے جانے والے چاول 7کلو گرام سے گھٹا کر 5کلو گرام کردیاگیا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ سے عوام پریشان ہیں۔ کانگریس کے دور اقتدار میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت کیا تھی ہر کوئی جانتا ہے۔
اس موقع پر کے پی سی سی کے ترجمان چلورایا سوامی سابق وزراء، پی ایم نریندر سوامی، ایم ایس آتمانند، سابق اراکین اسمبلی کے بی چندر شیکھر، رمیش بابو، بنڈی سدے گوڈا، بی پرکاش ودیگر کانگریس قائدین ورکرس شریک رہے۔